ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ، تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار

ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ، تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار
ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ، تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے، پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنا رکھے ہیں اور محمد رضوان 60 جبکہ نسیم شاہ 1 سکور کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھی بارش کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کے بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نامکمل پہلی اننگز 126 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ سے شروع کی اور کھانے کے وقفے تک سکور 155 رنز تک پہنچا دیا اور وقفے کے بعد جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو 158 کے مجموعی سکور پر بابراعظم سٹورٹ براڈ کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 47 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی ساتویں وکٹ 171 کے مجموعی سکور پر گری اور یاسر شاہ 5 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی سکور بنائے رن آﺅٹ ہو گئے جبکہ پاکستان کی نویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عباس تھے جو 2 رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ محمد رضوان نے مشکل وقت میں اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے 60 رنز بنائے اور کریز پر موجود ہیں جبکہ دوسرے اینڈ پر نسیم شاہ ہیں جنہوں نے ابھی تک ایک سکور بنایا ہے۔ 
واضح رہے کہ پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو انگلش باﺅلرز اور بارش نے قومی بلے بازوں کا خوب امتحان لیا۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والے شان مسعود ایک سکور بنا سکے جبکہ فواد عالم صفر، اسد شفیق 5 اور کپتان اظہر علی صرف 20 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ اوپننگ بلے باز عابد علی نے 60 رنز بنائے۔ 
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 24 اوورز میں 48 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سٹورٹ براڈ نے 25 اوورز میں 56 رنز کے عوض 3 شکار کئے، سیم کیورین اور کرس ووکس ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی اظہر علی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں بلے باز عابد علی، اسد شفیق، فوّاد عالم، امام الحق، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، کاشف بھٹی، سہیل خان اور یاسر شاہ کے نام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دی اور میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا تھا۔ مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ 

مزید :

کھیل -