مکڈونلڈز سٹاف کی مسلمان ملازمہ کے ساتھ انتہائی شرمناک حرکتیں، لڑکی نے اپنی دکھی کہانی سنادی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں عیسائیت ترک کرکے اسلام قبول کرنے والی مکڈونلڈز کی ایک ملازمہ کے ساتھ ساتھی ملازمین ایسا شرمناک سلوک کرتے رہے کہ بالآخر لڑکی عدالت پہنچ گئی۔ میل آن لائن کے مطابق اس 28سالہ لڑکی کا نام ڈائمنڈ پوویل ہے جو بالتی مورکی رہائشی ہے اور بی ڈبلیو آئی مارشل ایئرپورٹ پر واقع مکڈونلڈز کی برانچ میں 2016ءسے 2018ءکے درمیان کام کرتی رہی ہے، جہاں ساتھی ملازمین اسے اکثر اوقات ہراساں کرتے اور مذہب تبدیل کرنے پر اسے تضحیک کا نشانہ بناتے تھے۔
ڈائمنڈ نے اپنی درخواست میں بتایا ہے کہ ”میرے ساتھی ملازم مجھے جنسی طور پر ہراساں کرتے تھے۔ وہ اکثر مجھے طنزاً پوچھتے کہ آیا میں کنواری ہوں یا نہیں۔ وہ مجھے صاف جگہ پر نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے تھے۔ انہوں نے مجھے نماز پڑھنے کی اجازت صرف ایک گندے سٹور روم میں دے رکھی تھی۔ وہ مجھے مجبور کردیتے تھے کہ میں اسی غلیظ روم میں نماز پڑھوں۔ ایک منیجر نے تو مجھ پر نماز کا وقفہ کرنے کی بھی پابندی عائد کر دی تھی۔ “
ڈائمنڈ امریکی شہری ہے اور اس نے فروری 2017ءمیں اسلام قبول کیا تھا، جس کے بعد سے وہ مکمل شرعی پردہ کرتی ہے۔ کام پر بھی وہ حجاب پہن کر جاتی تھی اور اس کے ساتھی ملازمین حجاب کی وجہ سے بھی اس کا تمسخر اڑاتے تھے۔ ڈائمنڈ نے بتایا ہے کہ ”ایک بار میرے منیجر نے مجھے حجاب اتارنےکا حکم دے دیا۔ ایک اور منیجر نے میرے نماز پڑھنے کی تضحیک کرتے ہوئے ایک بار کہا تھا کہ تمہیں نماز پڑھنے کے لیے اپنے خدا کے بیدار ہونے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔“