بھارتی فلم سڑک 2 میں پاکستانی گلوکار کا گانا چوری کر لیا گیا
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ نے چوری کی روایت شدومد کے ساتھ برقرار رکھتے ہوئے ایک اور پاکستانی گانے پر ہاتھ صاف کر لیا۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق فلم ساز مہیش بھٹ کی نئی فلم ’سڑک2‘ کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا جسے 80لاکھ سے زائد لوگوں نے یوٹیوب پر ’ڈس لائیک‘ کیا۔ یہ ناپسندیدگی ہی کچھ کم نہیں تھی مگر اب ایک پاکستانی موسیقار نے اس فلم میں اپنا گانا چوری کیے جانے کا انکشاف کر دیا ہے۔ اس فلم کا مرکزی گیت’ عشق کمال‘ دراصل پاکستانی گانے ’ربا ہو‘ کا چربہ ہے۔ ’ربا ہو‘ 2011ءمیں لانچ کیا گیا تھا۔ اس پاکستانی گانے کے ڈائریکٹر، موسیقار اور پروڈیوسر شیزان سلیم عرف جوجی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میں سڑک ٹو کا گانا ’عشق کمال‘ اور اپنا گانا’ربا ہو‘ دونوں پوسٹ کیے ہیں اور لوگوں سے کہا ہے کہ سڑک ٹو میں ان کا گیت چوری کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ گیت اپنے دوست زید کے لیے کمپوز کیا تھا۔ زید نے یہ گیت 2011ءمیں گایا اور اس کی ویڈیو یوٹیوب پر بھی پوسٹ کی گئی۔ واضح رہے کہ شیزان سلیم معروف پاکستانی گلوکار سلیم جاوید کے بیٹے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کی ٹویٹ پر پاکستانی اور حتیٰ کہ بھارتی ٹوئٹر صارفین بھی سڑک ٹو کے ذمہ داران پردو حرف بھیج رہے ہیں اور شیزان سلیم کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔