"رسی جل گئی پر بل نہیں گیا" افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح کا نیا بیان سامنے آگیا

"رسی جل گئی پر بل نہیں گیا" افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح کا نیا بیان ...
سورس: Facebook

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سابق صدر اشرف غنی کے ہمراہ کابل سے فرار ہوچکے ہیں لیکن جاتے ہوئے بھی ایسا پیغام جاری کرگئے ہیں کہ بے ساختہ وہ مثال " رسی جل گئی پر بل نہیں گیا" یاد آجاتی ہے۔

امراللہ صالح نے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جو تقریباً اسی وقت پوسٹ ہوا ہے جب ان کے بارے میں یہ اطلاعات آنا شروع ہوئیں کہ وہ اور اشرف غنی تاجکستان فرار ہوگئے ہیں۔

امراللہ صالح نے اپنے پیغام میں کہا کہ " میں کبھی بھی اور کسی بھی حالت میں طالبان دہشتگردوں کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا، میں کبھی اپنی دھرتی اور اپنے ہیرو، کمانڈر اور رہنما احمد  شاہ مسعود کی وراثت کو دھوکہ نہیں دوں گا، میں ان لاکھوں لوگوں کو مایوس نہیں کروں گا جنہوں نے میری بات سنی، میں کبھی طالبان کے ساتھ ایک چھت تلے اکٹھا نہیں ہوں گا، کبھی بھی نہیں۔"

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ اشرف غنی اور امراللہ صالح کو "سابق" اس لیے کہا گیا ہے کیونکہ افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اشرف غنی کیلئے "سابق صدر" استعمال کیا ہے۔