غلام تم ہو گے ، ہمارے بڑوں نے جانوں کی قربانیاں دیکر آزادی حاصل کی ، وزیر اعلیٰ سندھ

غلام تم ہو گے ، ہمارے بڑوں نے جانوں کی قربانیاں دیکر آزادی حاصل کی ، وزیر ...
غلام تم ہو گے ، ہمارے بڑوں نے جانوں کی قربانیاں دیکر آزادی حاصل کی ، وزیر اعلیٰ سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی نے کراچی میں  شغل میلہ لگانا ہے لگائے ، عوام کی تفریح ہو جاتی ہے ،  لیکن ہمارے بڑوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیکر آزادی حاصل  کی ، ہم غلام نہیں ، تم غلام ہو گے ۔

کراچی میں انسداد پولیو مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے  سید مراد علی شاہ نے کہا کہ  اس سال پیپلزپارٹی کو پہلے سے زیادہ کامیابی  ملے گی ،  این ائی سی ایچ  2011 میں وفاق کے پاس ہوتا تھا، جب ہمیں ملا تو  اس کی کارکردگی کیا تھی مگر آج دیکھ لیں ،  عوام خدمت پر منتخب کرتے ہیں ، میلے لگانے اور گانےبجانے کیلئے نہیں ہیں ،  لوگوں کی خدمت کرنی پڑتی ہے ،  میں آزادی حاصل کرنے کے بیانئے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں  کہ ہم آزاد نہیں ، ہم آزاد ہیں ہمارے بزرگوں نے  قربانیاں دیکر آزادی حاصل کی ، ہم آزاد ہیں ، تم کیوں ہمیں غلام بنا رہے ہو ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان  کی باتوں پر ہنسا ہی جا سکتا ہے ، کراچی آئیں ،  جلسہ کریں  لوگوں کی مفت انٹرٹینمنٹ ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دادو میں  شدید بارش ہوئی ہے  ، ہم سیلاب اور بارش کے متاثرین کی  بحالی کیلئے 10 ارب روپے کا بندوبست کر رہے ہیں ۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ صوبے میں بے پناہ مہنگائی ہے ، اشیاء من مانی قیمتوں میں فروخت کی جا رہی ہیں جس پر  وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے  ادارے موجود ہیں ، اگر کہیں ایسی شکایات ہیں تو ایکشن لیا جائے گا۔

بد امنی  سمیت دیگر جرائم سے متعلق سوال کے جواب پر  وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  ایک دو تکلیف دہ ویڈیوز میں نے بھی دیکھی ہیں ،  نفرت پھیلانے والے  اور سماج دشمن عناصر کے خلاف  کارروائی کرینگے ، ہم انہیں ختم  کریں گے ، جیسے ماضی میں شکار پور واقعے پر ایکشن لیا گیا جو سب کو نظر بھی آیا ،  اس وقت بگٹی کے علاقے سے مسائل  آرہے ہیں ، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے مشترکہ بارڈ کے علاقے میں مسائل  ہیں ، دونوں صوبوں کی پولیس سے بات کر کے ڈاکو راج کا خاتمہ کرینگے ۔