آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ پاکستان تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گیا

آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ پاکستان تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گیا

دبئی (اے پی پی) سری لنکا کی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ پاکستانی ٹیم ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر دوبارہ چوتھے نمبر پر آ گئی۔ بلے بازوں میں ایلکس ہیلز، باﺅلرز میں سنیل نارائن اور آل راﺅنڈرز میں شین واٹسن پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ بلے بازوں میں شاہد آفریدی کی 6 درجے ترقی ہوئی ہے۔ محمد حفیظ 19 ویں اور عمر اکمل 20 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ سعید اجمل کا دوسرا نمبر ہے۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں سری لنکا کی ٹیم پاکستان کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے کر پہلی پوزیشن کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی، پاکستانی ٹیم کا ٹاپ پوزیشن پر آنے کا خواب ادھورا رہ گیا اور ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر دوبارہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر آ گئی۔ بھارتی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے، جنوبی افریقہ ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔ ویسٹ انڈین ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ بلے بازوں میں محمد حفیظ اور عمر اکمل اپنی اپنی پوزیشنز پر موجود ہیں۔ احمد شہزاد 4 درجے تنزلی کے بعد 21 ویں سے 25 ویں نمبر پر آ گئے۔ تلکارتنے دلشان ایک سیڑھی چڑھ کر 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ پاکستانی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی 6 درجے ترقی پا کر 35 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

 باﺅلرز میں سنیل نارائن پہلے، سعید اجمل دوسرے اور محمد حفیظ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آل راﺅنڈرز میں شین واٹسن سرفہرست، محمد حفیظ دوسرے اور شاہد خان آفریدی پانچویں پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی