عبدالقادر مُلا کو پھانسی ایک سیاسی قتل ہے ، سید علی گیلانی

عبدالقادر مُلا کو پھانسی ایک سیاسی قتل ہے ، سید علی گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 سرینگر(آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر مُلا کو پھانسی کو ایک سیاسی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت نے بھارت کو خوش کرنے کےلیے جماعت اسلامی کے رہنما کو قتل کرکے دراصل عدل و انصاف کا خون کیا ہے ۔ اسلام پسندوں کیخلاف مہم جوئی کی اس پالیسی کے بنگلہ دیش کے اندرونی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے اور حسینہ واجد اور حکومت کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے ۔ سرینگر میں حریت رہنماﺅں کی ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس میں عبدالقادر مُلا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس مجاہد نے تختہ دار کو بڑی دلیری کے ساتھ چوم کر ایک قابل تعریف اور قابل تقلید مثال قائم کی اس موقع پر سید علی گیلانی نے عبدالقادر مُلا کی پھانسی اور دیگر اسلام پسند رہنماﺅں کیخلاف جھوٹے مقدمات چلانے کے معاملے پر پاکستانی حکومت کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کو اسلام اور پاکستان کی محبت کی سزا دی جارہی ہے اور اس تعلق سے پاکستانی حکمرانوں کا رویہ ان کی احسان فراموشی کو ظاہر کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت جس طرح وہاں کی جماعت اسلامی کو اپنی سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے وہ اس کی اسلام دشمن پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

مزید :

عالمی منظر -