پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی کے اقدام کو سراہتے ہیں‘اصدرفیصل آبادچیمبر
فیصل آباد(اے پی پی)صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد انجینئر سہیل بن رشید نے یورپی یونین کی طرف سے پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی کے اقدام کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف ، وزیرمملکت برائے تجارت خرم دستگیر خان،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سہولت سے استفادہ کیلئے صنعتوں کو توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، جنوری 2014 ءسے ملنے والی اس سہولت سے 6272 مصنوعات کو یورپ کے 27 ممالک میں ڈیوٹی فری برآمد ممکن ہو سکے گی۔ یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ اس سہولت سے پاکستانی معیشت کی بحالی، برآمدات کے فروغ میں مدد ، اور روزگار کے ایک لاکھ مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں 1 بلین ڈالر اضافہ متوقع ہے جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور غیر ملکی سرمایہ بھی بڑھے گا۔ ا نہوں نے وزیر خزانہ اسحق ڈار کے صنعتوں کو گیس کی فراہمی کے بیان کو سراہا اور کہا کہ 6272 ڈیوٹی فری مصنوعات کی فہرست میں زیادہ تر تعداد ٹیکسٹائل مصنوعات کی ہے ،چنانچہ خصوصی طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر پٹرولیم اور ایس این جی پی ایل حکام سے ملکی ٹیکسٹائل برآمدات میں 50 فیصد حصہ کی حامل فیصل آباد کی انڈسٹری کو گیس کی لگاتار فراہمی کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیاتا کہ یورپی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائل کے پیکیج سے مکمل استفادہ حاصل کیا جا سکے۔