حکومت کا 15سال بعد پاکستان میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ

حکومت کا 15سال بعد پاکستان میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ
حکومت کا 15سال بعد پاکستان میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ

  

لاہور (اسد اقبال ) پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک میں آئندہ سال مردم شماری کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ آئندہ عام انتخابات نئی مردم شماری کے تحت کرائے جاسکیں۔پاکستان میں آخری مردم شماری پندرہ سال قبل ہوئی تھی۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مردم شماری سے متعلق اداروں کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سال 2014 میں چاروں صوبوں میں مردم شماری کے لیے تیاریاں کی جائےں تاکہ سال دو ہزار اٹھارہ میں ہونے والے عام انتخابات نئے مردم شماری کے تحت کرائے جاسکیں۔وزیراعظم نے یہ احکامات انتخابی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انھیں لکھے جانے والے اس خط کے جواب میں جاری کیے ہیں جس میں انتخابی کمیشن نے وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ آئندہ سال ملک میں مردم شماری کو یقینی بنایا جائے۔ذرائع کے مطابق مردم شماری کے بعد نہ صرف الیکشن کمیشن کے لیے نئی حلقہ بندیاں کرانے میں آسانی ہوگی بلکہ آئندہ عام انتخابات کرانے میں بھی آسانی پیدا ہوجائےگی۔واضح رہے کہ گیارہ مئی 2013 کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل کئی سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے سابقہ حلقہ بندیوں پر شدید احتجاج کیا تھا۔سیاسی جماعتوں کے بقول گذشتہ پندرہ سال میں ملک کی آبادی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور حکومت کو نی حلقہ بندیاں کرکے انتخابات کا انعقاد کرانا چاہییے۔

مزید : قومی