پاکستان میں ڈکیتیاں کرکے دبئی جا کر عیاشی کرنے والا گروہ گرفتار
مظفر گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پاکستان میں ڈکیتیاں کرکے دبئی جا کر عیاشی کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او مظفر گڑھ کے مطابق چار رکنی ڈکیت گینگ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتا تھا۔ ملزمان زیادہ تر وارداتیں لیہ ، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں کرتے تھے، اور وارداتوں کے دوران شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور قیمتی اشیا چھین لیتے تھے۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ملزمان تین ماہ پاکستان میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے اور تین ماہ دبئی میں جا کر عیاشی کرتے تھے ۔ ملزمان پاکستان سے چھینے گئے موبائل فونز دبئی میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔