پیپلز پارٹی نے انتقامی کارروائیاں نہیں کی ،تحریک انصاف جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں: یوسف رضا گیلانی
کوٹ مٹھن(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں، پیپلزپارٹی نے کسی کے خلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ غلام فرید کے سالانہ عرس میں شرکت اور ’’صوفی کانفرنس‘‘ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تحریک انصاف جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں،صوفیائے کرام کے پیغام کو عام کریں گے تو دہشت گردی ختم ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے دورہ اقتدار سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کوٹ مٹھن کو بینظیر برج کا تحفہ دیا، اس کے علاوہ جلال پور پیر والا میں بھی پل ہم نے بنوایا، ہم نے فاصلے کم کئے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کسی کیخلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت اپنے منشور میں جنوبی صوبے سے متعلق کیا ہوئے وعدے کو پورا کرنے کے سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔جنوبی پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل نے وزیرِ اعظم سے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی، جس میں عارضی سیکریٹریٹ اور دارالحکومت کے لیے سفارشات دی جانی تھیں۔