وزیر اطلاعات اور وزیر مواصلات سے این آر او مانگا ہی نہیں جا سکتا،نئی حکومت میں ’’پرانے پاکستان ‘‘ والے کام ہو رہے ہیں:خرم دستگیر
گجرانوالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات اور وزیر مواصلات سے این آر او مانگا ہی نہیں جا سکتا، نئی حکومت میں پرانے پاکستان والے کام ہی ہو رہے ہیں، دھمکانے سے حکومتی معاملات رک چکے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں مفاہمت اور رعونت کرنے والا گروپ ہے، جیل میں ڈال دینے کی باتیں کر کے ڈرانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزرا کے فنڈز میں اضافہ کر دیا گیا ہے، کے پی میں احتساب کمیشن باضابطہ بند کر دیا گیا ہے جس کے بارے میں پی ٹی آئی عوام کو جواب دے۔