غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ ، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، شہریوں کا شدید احتجاج

غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ ، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، شہریوں کا شدید ...

  

لاہور( افضل افتخار)گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا سردی کی وجہ سے پورے شہر میں گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ سے ایک طرف تو کاروبار زندگی شدید متاثر ہورہا ہے دوسری جانب گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہوگئے ہیں گرمیوں میں بجلی کی قلت کے بعد اب شہریوں کے لئے سردیوں میں گیس کی عدم دستیابی ایک بڑی پریشانی بن گئی ہے اس حوالے سے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا عادل،نبیل ،عامرنے کہا کہ اس وقت حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج گیس کی قلت کو دور کرنا ہے اور یہ حکومت کے لئے ایک بہت بڑا امتحان ہے افسوس کی بات ہے کہ اس حوالے سے پہلے پلاننگ نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے عین وقت پر بہت مشکل پیش آتی ہے اس وقت پورے لاہور میں گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے کئی علاقوں میں تو پورا پورا دن ہی گیس غائب رہتی ہے اور جہاں پر آتی بھی ہے وہاں بھی اتنی کم ہوتی ہے کہ اس سے کھانا پکانا مشکل ہوجاتا ہے اور مجبوری میں بازار سے کھانا مہنگے داموں منگوایا جاتا ہے نبیلہ،ساجدہ ،پروین اور مہرین نے کہا کہ گیس کئی روز سے نہیں آرہی اور جب اس حوالے سے محکمہ سے بات کی جاتی ہے تو ان کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت ہے اور ہم مجبور ہیں ۔ حکومت کو اس حوالے سے جلد از جلد مثبت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

تاکہ ہم اس مشکل سے نجات حاصل کرسکیں امید ہے کہ اس حوالے سے حکومت اقدامات کرے گی اور گیس کی اس قلت کو دور کرے گی دوسری طرف اس وقت سلنڈر گیس بہت مہنگی ہوگئی ہے اور گھروں میں گیس نہ آنے کی وجہ سے ہمیں سلنڈر جلانا پڑتا ہے جو گیس ہمیں بہت مہنگی پڑتی ہے رات گئے کبھی گیس آبھی جائے تو اتنی تھکاوٹ ہوتی ہے کہ اس وقت کام نہیں کیا جاتا اس مہنگائی کے دور میں بازار سے کھانا منگوانا بہت مشکل ہوگیا ہے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل،بابر،حامد اور خلیل نے کہاکہ گیس سردیوں میں ہمیشہ ہی کم آتی ہے یا کبھی آتی ہی نہیں گیس کے بلوں میں اتنے ٹیکس تو لگادئیے گئے ہیں اور گیس کی قیمت بھی بہت زیادہ کردی گئی ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ گیس کی فراہمی تعطل کا شکار ہے اس حوالے سے حکومت کے لئے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے کہ اس پر کس طرح قابو پاتی ہے عمران خان بہت اچھے کام کررہے ہیں مگر انکو ملک میں بجلی اور گیس جو بنیادی ضروریات ہیں اس پر بھی نظر ڈالنی کی ضرورت ہے تاکہ اس حوالے سے عوام کو جو مشکلات درپیش ہیں اس کا ازالہ کیا جاسکے پورے لاہور شہر میں شائد ہی کوئی ایسا علاقہ ہو جہاں پر پورا دن مکمل گیس آتی ہو اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس قلت کو دور کیاجائے یا حکومت کوئی ایسا شیڈول بنائے جس کے تحت گیس کی دستیابی کا وقت دیا جائے تاکہ ہمیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -