حکومت عوام کی فلاح کو ترجیح دے،عبدالوہاب روپڑی

حکومت عوام کی فلاح کو ترجیح دے،عبدالوہاب روپڑی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )حکومت انتقامی سیاست کی بجائے عوام کی فلاح کو ترجیح دے۔ رواداری اور عوامی فلاح کیلئے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دینا ہو گا۔ پاکستان غلط طرز سیاست کے باعث ناقابل تلافی نقصان کا شکار ہو چکا۔ نازک ترین صورتحال میں وطن عزیز مزید سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی تمام تر توانائیاں اختلافات کی نذر ہو رہی ہیں۔ سیاسی معرکہ آرائی میں اصل نقصان عوام کا ہو رہا۔ ملکی معیشت تباہی کے دھانے تک پہنچ چکی۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل کم ہوتی قدر کے باعث ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا۔ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتیں ملکی استحکام اور غریب عوام کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ امت کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرونی و بیرونی مسائل سے نجات پانے کا واحد حل امت مسلمہ کا اتحاد ہے۔ باہمی انتشار اور اختلافات کے باعث بحیثیت قوم ہم کمزور اور کھوکھلے ہو چکے ہیں جس کا پوری طرح فائدہ دشمن طاقتوں کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ذلت و رسوائی، معاشی بحران سے چھٹکارا پا کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ نماز جمعہ کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور دین حنیف کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ یاد رہے کہ امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی ان دنوں سعودی عرب کے تنظیمی دورہ پر ہیں۔ جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مذہبی و سماجی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔