ایل ڈبلیو ایم سی کی کلین اینڈ گرین مہم ، گلبرگ میں آگاہی کیمپ لگایا گیا
لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ( ایل ڈبلیوایم سی)کی جانب سے کلین اینڈ گرین مہم کی خصوصی سرگرمیوں کے سلسلے میں حفیظ سنٹر گلبرگ میں صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم کا انعقادکیا گیا ۔اس آگاہی سرگرمی کا مقصد دکانداروں اور خریداری کے لیے آنے والے لوگوں میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔اس سلسلے میں حفیظ سنٹر میں آگاہی کیمپ لگایا گیا سوشل موبلائزرز ٹیموں کی مد د سے پلازے میں قائم تمام دوکانوں اور سٹال مالکان کے ساتھ ساتھ خریدار شہریوں میں صفائی برقرار رکھنے کے لیے پمفلٹ اور ویسٹ بیگز تقسیم کیے گئے جبکہ کوڑا کرکٹ ویسٹ بیگ میں ڈال کرکوڑے دانوں تک پہنچانے کے حوالے سے بھی خاص طور پر تلقین کی گئی ۔اس موقع پر حفیظ سنٹر گلبرگ تاجر تنظیم کے سرپرست ملک نعیم نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیم اور دوکان مالکان کے ساتھ صفائی آگاہی واک میں حصہ لیا ۔ ملک نعیم کی جانب سے ایل ڈبلیو ایم سی کی کاوشوں اور آگاہی مہم کو سراہا گیا ۔
مزیدسرپرست تاجر تنظیم ملک نعیم نے مستقبل میں بھی ایل ڈبلیو ایم سی کے ساتھ صفائی آگاہی مہم میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔آگاہی مہم کی قیادت سربراہ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ جمیل خاور سمیت ڈپٹی مینجر کمیونیکیشن محمد عمیر خان اور رحمان راشد نے کی ۔اس موقع پر سربراہ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور کا کہنا تھاکہ اس مہم کا مقصد لوگوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے کہ شہری لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے شہر میں نصب کردہ کوڑے دانوں میں ڈالیں۔ ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی فرخ بٹ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر شہر میں صفائی ممکن نہیں۔