ڈیموں کی تعمیر سے پانی کی قلت پر قابو پا یا جا سکتا ہے ، میاں محمود الرشید

ڈیموں کی تعمیر سے پانی کی قلت پر قابو پا یا جا سکتا ہے ، میاں محمود الرشید

  

لاہور(پ ر) صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیموں کی تعمیر سے نا صرف پانی کی قلت پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ اس سے ملک کی معیشت بھی پروان چڑھے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور واسا کے اشتراک سے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی کی شدید قلت سے نا صرف زرعی شعبہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ اس سے ملک میں توانائی کا شدید بحران بھی پیدا ہو چکا ہے جس پر قابو پانا وقت کی عین ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام پاکستان سے اب تک پانی کو محفوظ رکھنے کے لیے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہ کیے گئے جس کے باعث پاکستان آج شدید بحران سے دو چار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس کی بر وقت توجہ سے ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے جس مہم کا آغاز کیا گیا ہے اس سے پاکستان کو پانی کی قلت جیسے بحران سے نجات دلائی جا سکے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے کہا کہ پانی کو بچانا دراصل پاکستان کو بچانا ہے اور ہم سب پاکستانیوں کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے تا کہ عوام اور خصوصاً طلبہ میں اس اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خاں نے کہا کہ یونیک گروپ اس اہم اشو پر اپنے طلبہ کی خصوصی تربیت کر رہا ہے جس کا اندازا اس امر سے با آسانی لگایا جا سکتا ہے کہ یونیک گروپ نے اب تک ڈیم فنڈ کے لیے 60لاکھ کے عطیات جمع کروائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہممیں اپنے نوجوانوں کی مثبت تربیت اور رہنمائی کرتے رہنا چاہیے جس سے وہ مستقبل میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں گے ۔تقریب میں وائس چیئر مین واسا ،ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر جہانزیب انور ملک کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -