اپوزیشن مکافات عمل کا شکار، ماضی اچھا ہوتا تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، علیم خان

Dec 15, 2018


لاہور (جنرل رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے اپوزیشن مکافات عمل کا شکار ہے کل تک دوسروں کیلئے بنائے گئے قوانین کا آ ج خود پر اطلاق ہو رہا ہے تو احتجاج اور چیخوں کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں ، اپنے ادوار حکومت میں اقتدار کے نشے میں گم میاں صاحبان کو ا س امر کا احساس بھی نہیں تھا کبھی انہیں حکومت سے باہر بھی جانا ہے ،گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاانکا مزید کہنا تھا یہ قدرت کا نظام ہے نیب قوانین جن کیلئے بنائے گئے تھے وہ باہر اور جنہوں نے بنائے تھے وہ آج جیلوں کے اندر ہیں اگر ماضی میں اچھے کام کیے ہوتے تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے ،حمز ہ شہباز 2015میں کیوں نہیں بولے جب این اے122سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کی "پاداش"میں میرے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ،عبدالعلیم خان نے پی پی168میں تحریک انصاف کی کا میا بی پر ساری قوم بالخصوص پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہمیں اس جیت کی اس لیے زیادہ خوشی ہے کہ اس کے پس پردہ کسی حکومتی ا د ارے ، سرکاری مشینری ،وزیر یا مشیر کی کوئی کاوش کارفرما نہیں ،بیورو کریسی کو استعمال کیا گیا اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے کو ، ہم ضمنی الیکشن ہا ر ے بھی ہیں لیکن اُس وقت بھی کسی غیر قانونی یا غیر آئینی سرگرمی کا سہارا نہیں لیا گیا ، نواز لیگ ماضی میں ضلعی انتظامیہ سے لے کر واپڈا ،سوئی گیس اور دیگر حکومتی اداروں کو ملوث کر کے ضمنی انتخاب جیتا کرتی تھی لیکن آج تحریک انصاف نے اس روایت کو بدل کر رکھ دیا ہے اور ہما ر ے سیاسی مخالفین میں سے کوئی بھی پی پی168کی انتخابی مہم پر اعتراض نہیں اٹھا سکا ،صوبائی ایوان میں اراکین اسمبلی کی پروڈکشن کا کوئی قا نون سرے سے موجود ہی نہیں لہٰذا خواجہ سلمان رفیق کے معاملے میں سپیکر پنجاب اسمبلی کچھ نہیں کر سکتے ،اس حوالے سے کیا جانیوالا واویلا بیکار ہے بہتر ہوتا نواز لیگ اپنے دور حکومت میں اس معاملے پر توجہ دیتی لیکن شاید انہیں یہ یقین تھا وہ کبھی بھی حکومت سے باہر نہیں ہونگے ، عبدالعلیم خان کا کہنا تھا اپنے کاروبار کے حوالے سے کسی وزیر یا رکن اسمبلی کو بہرحال جواب دہ ہونا ہوتا ہے اوراگر یہ آپ کے مفاد ات کا تصا دم ہو تو ایسا نہیں ہونا چاہیے اور کسی کو بھی اس کیلئے جوابدہ ہونا پڑ سکتا ہے ،انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور ہر پارٹی کارکن کو پی پی 168میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا حالانکہ فتح اور شکست کا فرق بہت کم ہے پھر بھی ہمیں اس کامیابی کی خوشی ہے اور توقع ہے انشاء اللہ آنیوالے دنوں میں تحریک انصاف اس سے زیادہ بڑی کامیابیاں حاصل کرے گی ۔
علیم خان

مزیدخبریں