بلوچستان کی ترقی ترجیحات میں شامل ، مغربی روٹ سی پیک کا اہم منصوبہ : خسرو بختیار
اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، مغربی روٹ سی پیک کا اہم منصوبہ ہے، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی بلوچستان کے اندر انفراسٹرکچر و ڈیمز کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطا بق بلوچستان ہا ؤ س اسلام آباد میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و شماریات مخدوم خسرو بختیار نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز و ارکان قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں 20دسمبر کو ہونے والی سی پیک جے سی سی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، مغربی روٹ سی پیک کا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ کا ڑوب ڈیرہ اسماعیل خان سیکشن کا منصوبہ جائنٹ کو آپریشن کمیٹی ایجنڈے میں شامل ہے۔اس شاہراہ کی تعمیر سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقوں کی ترقی ممکن ہوگی۔