سرگودھا کا ریٹا ئرڈ فوجی تیسرے نکاح کے چکر میں لاہور آکر منظم گروہ کے ہاتھوں لٹ گیا

سرگودھا کا ریٹا ئرڈ فوجی تیسرے نکاح کے چکر میں لاہور آکر منظم گروہ کے ہاتھوں ...

  

لاہور(کرائم رپورٹر)سرگودھا کا رہائشی ریٹائرڈ فوجی تیسرے نکاح کے چکر میں لاہور میں جعلی شادیاں کروانے والے منظم گروہ کے ہتھے چڑھ کر جمع پونجی گنوا بیٹھا۔تفصیلات کے مطابق محمد ایوب جو کہ ریٹائرڈ فوجی ہے پہلی بیوی کے انتقال کے بعد اور دوسری کو طلاق دینے کے بعد تیسری شادی کے چکر میں اخبار میں اشتہار پڑھ کر لاہور آگیاگزشتہ روز ’’روزنامہ پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ایوب نے کہا کہ پچھلے ماہ اخبار میں اشتہار پڑھ کر شادی کے لیے لاہور آیا جہاں میری ملاقات گروہ کے ملزمان خرم نامی لڑکے اور نورین بی بی،ثوبیہ بی بی اور صباء نامی لڑکی سے ہوئی جس سے میرا رشتہ طے ہوا تھا جو شیرا کوٹ میں واقع ایک مدرسہ میں طالبات کو پڑھاتی تھی ۔ محمد ایوب نے کہا کہ سبزہ زار ایم بلاک میں واقع ایک گھر میں موجود خاتون نے مجھے پسند کرتے ہوئے رشتہ دینے کی ہامی بھر لی۔ اس خاتون نے رشتہ پکا کرتے ہوئے لڑکی کے لئے کپڑوں کی خریداری کی غرض سے مجھ سے پچاس ہزار روپے بھی لئے نیز مٹھائی کے لئے الگ سے بھی دو ہزار بھی اینٹھ لئے۔ بعدا زاں میں گھر واپس آگیا اور فون پر میرا متعلقہ افراد سے رابطہ رہا۔ گزشتہ روز متعلقہ افراد نے پھر مجھے لاہور بلوا یا کہ تمھار انکاح کروانا ہے۔ میں لاہور پہنچااوران کی ہدایت پر مون مارکیٹ اقبال ٹاؤن میں واقع ایک دکان پرپہنچا جہاں گروہ کے افراد موجود تھے جو خود کو لڑکی کا رشتہ دار ظاہر کررہے تھے۔ انہوں نے نکاح کروانے کے لئے مجھ سے پچاس ہزار سے زائد رقم لے لی ۔ اس اثناء میں انہوں نے مجھ سے میرا موبائل فون اور کپڑوں کا بیگ بھی لے لیا اور کسی بہانے سے رفوچکر ہوگئے جس کی بابت میں نے تھانہ اقبال ٹاون میں رپورٹ کی ،محمد ایوب نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایسے منطم گروہ کی افراد کو پکڑ کرنہ صرف میری لوٹی ہوئی جمع پونجی بازیاب کروائی جائے بلکہ انہیں عبرتناک سزا دیتے ہوئے دوسروں کو بھی ان کے مجرمانہ افعال سے محفوظ رکھا جائے۔

مزید :

علاقائی -