انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دینگے،وزیراعلیٰ پنجاب

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دینگے،وزیراعلیٰ پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنر ل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دیں گے تاکہ دوردراز علاقوں میں موجود مریض ٹیلی میڈیسن کے ذریعے سپیشلسٹ سے طبی مشاورت لے سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں دیگر شہروں اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تونسہ اور ڈی جی خان میں جلد ٹیلی میڈیسن کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جس سے قبائلی علاقوں کے لوگوں کو بہت فائدہ پہنچے گا جبکہ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد ٹیلی میڈیسن کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور محروم علاقوں کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے روزگار مہیا کریں گے اور فری لانسنگ کے ذریعے نوجوانوں کو برسرروزگار کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی انکوبیشن مراکز میں آئی ٹی بزنس کی جدید ترین ٹریننگ دیں گے۔۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ اجلاس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے سپیشل اکنامک زون بنائیں گے جہاں سرمایہ کاروں کو مراعات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت تونسہ شریف میں رودکوہی کا پانی محفوظ کرنے کیلئے منی ڈیم بنانے کا جائزہ لیا جائے گا ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیرصدارت لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایل ڈی اے کا38 ارب39کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا جبکہ ترقیاتی منصو بوں کیلئے20ارب18کروڑ روپے مختص کر دئیے۔ وزیراعلیٰ نے ریونیو جنریشن کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے ملاقات کی ،جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی پائیدار ترقی وخوشحالی کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب