سیاسی و معاشی نظام اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا،حافظ سعید

سیاسی و معاشی نظام اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا،حافظ سعید

  

لاہور( نمائندہ خصوصی )امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ سعید نے کہا ہے آئی ایم ایف جیسے اداروں کے تسلط سے نکلے بغیر معاشی بحران پر قابو پانا ممکن نہیں،ڈالر کی قیمت بڑھانا، شرح سوداور بجلی و تیل کی قیمتوں میں اضافہ مسائل کا حل نہیں، ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کیلئے اسلامی شریعت پر عمل ضروری ہے،نماز، روزہ کی طرح سیاسی و معاشی نظاموں کو بھی اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا،دفاع پاکستان کونسل کی ’’تکمیل پاکستان‘‘ کانفرنس 16دسمبر کو استنبول چوک مال روڈ پر ہو گی۔ قومی مذہبی و سیاسی قائدین اور دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی،جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب اور بعدا زاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلمان ملکوں کو اللہ رب العزت نے بے پناہ وسائل سے نواز رکھا ہے دنیا کی اسی فیصد دولت اور وسائل مسلمانوں کے پاس ہیں خلیج اور وسط ایشیا کے ملک تیل اور معدنیات کے ذخائر سے بھرے پڑے ہیں، حضرت عمر اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنھما کے دور حکومت میں فتح کئے گئے ان خطوں میں مسلمانوں نے زبردست قربانیاں پیش کیں اور جن علاقوں میں بھی مسلمانوں کاخون گرا اللہ تعالیٰ نے انہیں وسائل سے مالا مال کر دیا۔ یہ مسلمانوں کی لازوال تاریخ ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ آج ان سب خطوں و علاقوں کے وسائل پر صلیبی و یہودی قابض ہیں اورمسلم خطے و علاقے بیرونی قوتوں کی غلامیوں کا شکار ہیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بین الاقوامی قوتیں وطن عزیز پاکستان پر دباؤ بڑھا کر یہاں کی اسلام پسند جماعتوں کی دعوتی، سیاسی و رفاہی سرگرمیوں کو روکنا چاہتی ہیں۔ دشمنان اسلام سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں ان کے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل میں یہ جماعتیں بہت بڑی رکاوٹ ہیں، بھارتی فوج نے کشمیریوں کی جانب سے نام نہاد بلدیاتی ا انتخابات میں کشمیریوں کے بھرپور بائیکاٹ کے بعد نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری تیز کر دی ہے۔مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر انہیں شہید کیا جارہااور ان کی املاک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حکومت پاکستان کو کشمیریوں کی نسل کشی کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھانا چاہیے۔

حافظ سعید

Back to Conversion Tool

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -