مقبوضہ کشمیر‘ نوجوانوں کی شہادت پر سوپور میں دوسرے روز بھی ہڑتال رہی

مقبوضہ کشمیر‘ نوجوانوں کی شہادت پر سوپور میں دوسرے روز بھی ہڑتال رہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں د و نوجوانوں کی شہادت پر جمعتہ المبارک کو سوپور قصبے میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے اویس احمد بٹ اور طاہر احمد ڈار نامی نوجوانوں کو جمعرات کو سو پور قصبے کے علاقے گنڈ براٹھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا ۔ شہید نوجوان سوپور کے علاقوں وار پورہ اور گنڈ براٹھ کے رہائشی تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق سوپور اور اسکے ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے انکے گھروں میں جا رہے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے سوپور میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کررکھے ہیں۔ انتظامیہ نے طلباء کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے سوپور سب ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں درس و تدرس کا کام معطل کر دیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر