نعمتوں کا چرچہ کرنا بھی شکرکا اظہار ہے،علامہ الیاس قادری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس قادری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پیدا فرمایا اور اپنے پیارے محبوب ﷺ کی امت میں پیدا کیا ،آپ کی امت تمام امتوں میں افضل ہے اس نعمت کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے ،ہرسانس نعمت ہے ،ہوا جو مفت ملتی ہے نعمت ہے جبکہ زندگی کی ضروریات کی اشیاء رقم کے بدلے ملتی ہیں ،اسی طرح اگر ہم اللہ عزوجل کی نعمتو ں کو شمار کرتے چلے جائیں مگر ان کا شمار نہیں کیا جاسکتا۔اگر دنیا میں کوئی احسان کردے تو ساری زندگی اس کے احسان مند رہتے ہیں تو اللہ عزوجل نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازاہے اس کا بہت زیادہ شکر ادا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں گیارہویں شریف کے سلسلے میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ دنیا میں احسان کرنے والا کبھی دل آزاری بھی کرسکتا ہے مگرہمارا رب عزوجل بہت کریم اور مہربان ہے اس کا جتنا شکر ادا کریں گے یہ اس سے زیادہ ہمیں نعمتوں سے نوازے گا،نعمتوں کا چرچہ کرنا بھی شکرکا اظہار ہے،شکر کے بارے میں علم حاصل کریں،صبر اور شکر آدھا ایمان ہے جبکہ یقین مکمل ایمان ہے۔