گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور تاریخی بحران المیہ ہے ،انتخاب عالم سوری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری نے کہا ہے سی این جی اورگھریلوصارفین کیلئے گیس کا بحران سنگین ہوگیا۔بحران حل نہ ہونے سے لو گ شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی ۔انتخاب عالم سوری نے کہا کہ ایک طرف تو سی این جی اورگیس کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں ،دوسری جانب سی این جی کا بحران پیدا کر دیا گیا،خدشہ ہے کہ بحران بڑھا تو گیس سے بجلی بنانے والی کمپنیاں بھی لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط نہ کر دیں اورپورے سندھ میں لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط ہوجائے ۔انہوں نے کہا کہ سی این جی اورگھریلوو کمرشل صارفین کیلئے گیس مہنگی کرنے کے بعد بحران کیوں پیدا کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ صورتحال سے نہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے بلکہ اسکولز کیلئے چلنے والی ٹرانسپورٹ بھی شدید متاثرہے جبکہ گھروں میں گیس نہ ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔انتخاب عالم سوری نے کہا کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ گیس بحران کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا وزیر اعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں تحقیقاتی ٹیم بنادی ہے، مگر عوام اس کا فوری حل چاہتے ہیں ۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان گیس کا بحران ختم کرانے میں اپنا فوری کردار ادا کریں۔