طاقتور لوگ سستا پانی چوری کر رہے ہیں،فردوس شمیم نقوی

طاقتور لوگ سستا پانی چوری کر رہے ہیں،فردوس شمیم نقوی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی و قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ امیر ، سرمایہ دار اور طاقتور لوگ عوام سے سستا پانی چوری کر رہے ہیں، غریب پس رہا ہے۔ ہم نئے پاکستان میں یہ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے یہ باتیں بنگش ہوٹل ناظم آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس میں میڈیا سے خطاب کے دوران کہیں۔ اس موقعے پر رکن سندھ اسمبلی شبیر قریشی، ایم پی اے سعید آفریدی اور سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی عادل انصاری کے علاوہ دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ جمعرات کے دن اراکین سندھ اسمبلی شبیر قریشی اور سعید آفریدی کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ ایف ٹی این کے ایگزیکٹو انجینئر عرفان اوراسسٹنٹ ریحان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ زبیر صاحب، اکرم خان صاحب اور ناصر صاحب پی ٹی آئی سے تعلق رکھتے ہیں۔ چھتیس انچ پانی کی لائن پر یہ تحقیق کی گئی کہ کون کون سے کنکشن لیے گئے ہیں۔ اس طرح سات بڑے سائز کے ناجائز اور غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے۔ ہر کنکشن پر ایک ایک نیا میٹر بھی لگا ہے جو ریڈنگ دیتا ہے۔ میٹر لگانے کی وجہ بدعنوانی کی حد کو جانچنا ہے کہ اس میں ملوث واٹر بورڈ کا عملہ کتنی کرپشن کر رہا ہے اور یہ پیسے کہاں سے ہو کر کہاں تک اور کس کس کو جاتے ہیں۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ اگر پانی نہیں تو ٹینکر مافیا ٹرک بھر کر کیسے لے آتا ہے۔ میڈیا کو بتانے کی وجہ یہ ہے کہ عوام کو پتہ چلے اور جب میں سندھ اسمبلی میں اس پر سوال اٹھاؤں گا تو اس وقت وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور وزیر اعلیٰ سندھ کو جواب دینا پڑے گا۔ سندھ حکومت کے اداروں میں یہ سب ہو رہا ہے اور کسی کو پتہ نہیں چلتا۔ میرے ایک صحافی بھائی نے کہا کہ ایسی چوریاں پہلے بھی پکڑی گئی ہیں ۔ ایک دو مہینے بعد کہانی پھر وہیں آکر کھڑی ہوجاتی ہے جہاں سے چلی تھی۔ میرے صحافی بھائی یہ بھول گئے کہ تحریک انصاف کا ہر نمائندہ اپنے آپ میں عمران خان ہے اور وہ ناانصافی اور کرپشن کے خلاف کھڑا ہے۔ جب تک پی ٹی آئی کے ایم پی ایز موجود ہیں، ایسے کنکشن دوبارہ بحال نہیں ہونے دیں گے۔ واٹر بورڈ سے سیاسی اثر رسوخ ختم کیا جائے ۔ اس موقعے پر انجینئر عرفان اور ان کی ٹیم کے ساتھ ساتھ ان پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کو بھی پھولوں کے ہار پہنائے گئے جوواٹر کنکشن کی چوری پکڑنے میں شریک حال رہے۔ قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ چوری کرنے والوں کو ایسی سخت سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی بھی شخص غریبوں کا پانی چوری کرنے کے بارے میں سوچ نہ سکے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -