ضم شدہ اضلاع کی فلاوع بہبود کیلئے حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی شروع ، اکبرایوب

ضم شدہ اضلاع کی فلاوع بہبود کیلئے حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی شروع ، ...

  

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب خان نے کہاہے کہ ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کیلئے موجو د ہ حکومت نے ایک جامع حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی شروع کی ہے اور پہلے سے جاری منصوبو ں کو بھی بروقت مکمل کیا جائے گا جبکہ جلدہی نئے میگا منصوبوں کا آغاز بھی کیا جارہاہے ۔وہ جمعہ کے رو زپشاور میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ترقیاتی منصوبو ں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جسمیں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو شہاب خٹک،چیف انجینئر ضم شدہ اضلاع عزیر خان اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیاکہ اُن اضلاع میں تقریباً390 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 141 مزید نئے منصوبے بھی شروع کئے جارہے ہیں جن کیلئے9792.46 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اکبرایوب خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کے معیارکو بہتر سے بہتر بنایاجائے انہوں نے اس سلسلے میں عملے کو ای۔ ٹینڈرنگ سسٹم اور دیگرامور کے بار ے دو مہینوں کی تربیت دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ٹرینگ کا عمل فروری کے مہینے تک مکمل ہو نا چائیے تاکہ شفافیت کا عمل یقینی ہو۔ صوبائی وزیر نے سی اینڈ ڈبلیو محکمے کے عملے کے مسائل کو حل کرنے اور فرائض کی انجام دہی کو سہل بنانے کیلئے دفاتر، گاڑیوں اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں ان منصوبوں کی تکمیل سے ترقی کا ایک نیادور شروع ہو گا اور بہت جلد ہی یہ اضلاع ترقی سے ہمکنار ہونگے انہوں نے تاکید کی کہ نئے اضلاع میں انضمام کا عمل مکمل ہونے تک تبادلوں کا سلسلہ بندرکھاجائے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -