عابد شیر علی فیصل واؤڈا کی لندن میں ایک اور مبینہ مہنگی ترین پراپرٹی منظرعام پر لے آئے

عابد شیر علی فیصل واؤڈا کی لندن میں ایک اور مبینہ مہنگی ترین پراپرٹی منظرعام ...
عابد شیر علی فیصل واؤڈا کی لندن میں ایک اور مبینہ مہنگی ترین پراپرٹی منظرعام پر لے آئے

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءعابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کی لندن میں ایک اور پراپرٹی منظرعام پر لاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین نیب سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں عابد شیر علی نے کہا کہ میں آج سے چند روز پہلے لندن کے ہائیڈ پارک میں فیصل واؤڈا کی ایک پراپرٹی عوام کے سامنے لایا گیا تھا اور اب ایک اور پراپرٹی منظرعام پر لا رہا ہوں جو لندن کے علاقے مہنگے ترین علاقے کواڈرینگل میں واقع ہے اور یہاں ایک ایک اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً پانچ سے چھ ملین پاؤنڈ کے قریب ہے۔ انہوں نے ویڈیو میں فیصل واؤڈا کی پراپرٹی دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں پر رہتے ہیں، میں پہلی پراپرٹی سامنے لانے پر فیصل واؤڈا کی جانب سے قانونی نوٹس کا انتظار کر رہا تھا لیکن وہ نہیں ملا۔

عابد شیر علی نے کہا کہ فیصل واؤڈا ایک سڑک چھاپ اور دو نمبر آدمی ہے ۔ اس کی جماعت تحریک انصاف نے ہی کہا تھا کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے تو یہ کراچی کٹنگ اور بھتہ کے پیسوں سے کراچی کے غریب پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی دو نمبر طریقے سے یہاں لائے ہیں، یہ بتائیں کہ پیسے کہاں سے آئے۔ میں نے قوم سے وعدہ کے مطابق فیصل واؤڈا کی دوسری پراپرٹی دکھا رہا ہوں کہ یہ شخص دس سال پہلے موٹر سائیکل پر پھرتا تھا مگر آج پاکستان کا ارب پتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں اور بھی بڑے معزز لوگوں کی پراپرٹیز ہیں مگر فیصل واؤڈا جیسے لوگ جو حکومت اور عمران خان کے این آر او کے پیچھے چھپے بیٹھے ہیں، انہوں نے بھی یہاں پراپرٹیز بنا رکھی ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین نیب کی خواہش ہے کہ ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس آنا چاہئے، تو میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان پراپرٹیز کا نوٹس لیں اور این آر او کے پیچھے چھپنے والے فیصل واؤڈا جیسے چور سے قومی کی لوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے۔ عابر شیر علی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل قریب میں بھی فیصل واؤڈا جیسے لوگوں کی مزید پراپرٹیز پاکستانیوں کے سامنے لائیں گے جو پاکستان سے پیسہ چوری کر کے یہاں لائے۔

مزید :

قومی -ڈیلی بائیٹس -