واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبہ، محمودالرشید نے بیان حلفی جمع کرا دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں چار واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے منصوبے کے حوالے سے وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید اور سیکرٹری ہاؤسنگ نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیئے ۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ محمود بوٹی، شاد باغ، شاہدرہ اور بابوصابو میں لگائے جائیں گے، منصوبے کی تکمیل کے بعد دریائے راوی میں شہر کا آلودہ پانی نہیں پھینکا جائے گا۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ کے مطابق واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس سے متعلق سٹڈی 15جون تک مکمل کر لی جائے گی، پلانٹس کا پی سی ون جولائی میں منظور کر لیا جائے گا۔
محمود الرشید کا مزید کہنا ہے کہ منصوبے کے ٹینڈر اگست 2019 میں جاری کیے جائیں گے جبکہ اس منصوبے پر نومبر میں کام شروع کر دیا جائے گا، جبکہ یہ منصوبہ ڈھائی سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ذرائع کے مطابق منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 50 سے 60ارب روپے ہے، جس کےلئے چاروں مقامات پرزمین حاصل کرنے کےلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔