مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی پر 1400 کروڑ کا خرچہ لیکن بھارت کا وہ کاروباری شخص جس نے بیٹی کی شادی پر غریبوں کو گھروں کے تحفے دیے

مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی پر 1400 کروڑ کا خرچہ لیکن بھارت کا وہ کاروباری شخص ...
مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی پر 1400 کروڑ کا خرچہ لیکن بھارت کا وہ کاروباری شخص جس نے بیٹی کی شادی پر غریبوں کو گھروں کے تحفے دیے

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے امیر ترین شخص اور 45 ارب ڈالر سے زائد اثاثوں کے مالک مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی کے دنیا بھر میں چرچے ہورہے ہیں ۔ اسے دنیا کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جارہا ہے جس پر 10 کروڑ ڈالر (تقریباً 1400 کروڑ روپے پاکستانی) خرچ کیے گئے ہیں ۔ اس شادی میں دنیا بھر سے ہزاروں مہمانوں نے شرکت کی جنہیں شادی کے مقام پر لے جانے کیلئے 100 سے زائد خصوصی جہاز اڑائے گئے۔

ایک طرف تو مکیش امبانی جیسا ارب پتی ہے جس نے اپنی بیٹی کی شادی پر فضول رسومات پر اربوں روپے لٹائے لیکن دوسری جانب بھارت کا ہی ایک شخص ایسا بھی ہے جس نے اپنی بیٹی کی شادی پر غریب اور بے گھر افراد کو 90 گھر تعمیر کرکے دیے۔

امبانی کی بیٹی کی شادی بھی دسمبر میں انہی تاریخوں میں ہوئی ہے جن تاریخوں میں آج سے 2 سال قبل 2016 میں مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد کے ایک کاروباری شخص اجے منوت کی بیٹی شریا کی ہوئی تھی۔ اجے منوت نے اپنی بیٹی کی شادی پر فضول خرچی کرنے کی بجائے غریبوں کیلئے کچھ کرنے کی ٹھانی اور شادی پر ہونے والا خرچہ بچا کر غریب اور بے گھر افراد کیلئے 90 گھر تعمیر کرادیے۔

اجے منوت کے منصوبے پر ایک این جی او کی جانب سے کام کیا گیا اور 2 ایکڑ زمین پر 2 مہینے میں 90 گھر تعمیر کردیے گئے۔ ان مکانوں کی تعمیر پر صرف ڈیڑھ کروڑ روپے کا خرچہ آیا تھا۔

اجے منوت نے اس حوالے سے کہا تھا کہ ہمیں کچھ لوگوں نے مکانوں کی تعمیر کے حوالے سے مشورہ دیا جس پر ہم نے سوچ بچار کی اور لوگوں کیلئے مکانات بنوادیے۔شادیوں پر خرچہ بھی ہوتا ہے لیکن ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ ہماری کیا ذمہ داری ہے اور ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -بین الاقوامی -