کویت میں بین الاقوامی پندرہویں سالانہ عظیم الشان محفل حمد و نعت

کویت میں بین الاقوامی پندرہویں سالانہ عظیم الشان محفل حمد و نعت
کویت میں بین الاقوامی پندرہویں سالانہ عظیم الشان محفل حمد و نعت

  

کویت  (عرفان شفیق )پیغمبرِ اعظم و آخر صلی اللہ علیہ وسلم کی شایانِ شان بین الاقوامی پندرہویں سالانہ عظیم الشان محفل حمد و نعت بسلسلہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم انجمن غلامان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر اہتمام انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت تنظیم کے سرپرست اعلیٰ حاجی نجم اقبال اور صدر محمد خالد رشید چوہدری نے کی۔ محفل میں کویت کے طول و عرض سے پاکستانیوں کے علاوہ اردو جاننے والے انڈین اور بنگلہ دیشی عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جسکی سعادت ایوارڈ یافتہ نامور قاری محمد صہیب انجم نے اور حمد باری تعالٰی محمد اعجاز سلطانی نے حاصل کی۔

نظامت کے فرائض حافظ مبشر ریاض نے احسن طریقے سے سرانجام دیئے جبکہ محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ھدیہ عقیدت نعت عبدالعزیز عاصم، حافظ عبدالروف، غلام سرور نقشبندی اور مجاہد چشتی نے خوبصورت انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور خصوصی طور پر سلطان ھند حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃاللہ علیہ کی نگری سے تشریف لائے ثناء خوان مصطفیٰ شاعر اسلام اسد اقبال نے پر سوز آواز سے حاضری پیش کرکے محفل میں سماع باندھ دیا اور حاضرین محفل سے خوب داد وصول کی.

میزبان محفل میاں محمد فاروق، حاجی محمد مالک، سرفراز خان، خلیل الرحمٰن اور میاں ساجد حسین محفل میں آنے والے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔ سیرت النبی کے حوالہ سے خطاب کی سعادت علامہ قاری خلیل احمد رضوی نے حاصل کی. محفل میں شریک افراد کو بذریعہ قرعہ اندازی 14 خوش نصیبوں کو عمرہ کے پیکج دیے گئے اور آخر میں انجمن غلامان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے سرپرست اعلیٰ حاجی نجم اقبال نے تمام معزز مہمانوں، جن میں کویت میں مقیم دینی، سماجی، سیاسی، ثقافتی تنظیموں کے صدور اور نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور درود و سلام کے بعد دعا کے ساتھ محفل اختتام پذیر ہوئی۔

مزید : تارکین پاکستان