گورنر پنجاب کی اہلیہ کی انجمن حمایت اسلام کے عہدیدارو ں کویوم تاسیس کی مبارکباد
لاہور (پ ر)گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے انجمن حمایتِ اسلام کے عہدیداروں اور اراکین کو 135ویں تقریباتِ تاسیس کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حمایتِ اسلام دارالشفقت براے خواتین کی بچیوں کی صلاحیتوں اور اخلاق و کردار سے بے حد متاثر ہیں۔ یہ بچیاں اہل وطن اور پاکستان کی عزت ہیں۔ یہ درست ہے کہ والدین کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، لیکن دارالشفقت میں میسر تعلیمی ماحول اور سہولیات مثالی ہیں، انھیں یہاں بہنوں اور والدین جیسا ہی پیار مل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2013میں اپنے بچوں سے دور میری پہلی عید تھی، تب گورنر چودھری محمد سرور اور میں نے دارالشفقت کی بچیوں کے ساتھ عید منائی تھی، اب میرا ان سے پرانا رشتہ ہے۔ میں نے یہاں اور دارالشفقت مردانہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کروایا تھا۔ اب میں ٹیوٹا کے ذریعے یہاں سلائی ٹیچر مقرر کرواؤں گی اور جلد ہی ریسکیو 1122 کے ذریعے یتامیٰ کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دلوائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے حمایتِ اسلام دارالشفقت براے خواتین میں انجمن حمایتِ اسلام کے 135 ویں تاسیس کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ انجمن حمایتِ اسلام کے سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے کہا کہ انجمن حکومتی امداد کے بغیر 18 ادارے اپنے عہدیداروں، اراکین اور مخیر خواتین و حضرات کے عطیات سے چلا رہی ہے، یہاں قائداعظم 17 مرتبہ تشریف لائے، شاہ فیصل، جمال عبدالناصر اور یاسر عرفات سمیت عالمِ اسلام کی متعدد شخصیات تشریف لا چکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام بچیوں کو دینی اور نصابی تعلیم دے کر ان کی شادی ہونے تک والدین کی طرح تمام ذمہ داریاں انجام دی جاتی ہیں، اور بعد میں بھی دارالشفقت ان کے میکے کی طرح رہتا۔ ہم سب جسٹس (ر) منظور حسین سیال کی سرکردگی میں انجمن حمایتِ اسلام کا کام اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کرتے ہیں۔ انجمن حمایتِ اسلام کی 135 ویں تقریبِ تاسیس سے بیگم نگہت سعید حسن چیئرپرسن، بیگم نسرین زبیر سیکرٹری، افشاں تبسم اور صدف رانی نے بھی خطاب کیا، دیگر مہمانوں میں جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، مسز حامد رانا، خواجہ مشتاق احمد، حاجی غلام مصطفی، میاں امجد علی، میاں محمد مشتاق پیرزادہ اور دیگر شامل تھے۔