کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے قوانین منظور کرلئے گئے:ایس ایم عمران

 کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے قوانین منظور کرلئے گئے:ایس ایم عمران

  



 لاہور(جنرل رپورٹر) لاہو ر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر عام آدمی کی رہائشی ضروریات پوری کرنے اور مکانوں کی کمی دور کرنے کے لئے ایل ڈی اے تعمیراتی شعبے کی حوصلہ افزائی کی خاطر ضروری اقدامات کررہا ہے۔ قیمتی زرعی اراضی کے تحفظ کے لئے کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے قوانین منظورکر لئے گئے ہیں‘پرائیویٹ رہائشی سکیموں کے قوانین میں بہتری اور جوائنٹ وینچر کی بنیاد پر منصوبوں کی تکمیل کے لئے قوانین بھی تیار کر لئے گئے ہیں۔ کراچی پاکستان کا معاشی و تجارتی مرکز ہے،کراچی کے بلڈرز کو لاہور میں خوش آمدید کہا جائے گا وہ گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں آنے والے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کراچی کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے سمیر احمد سید بھی موجود تھے۔وفد کو لاہور میں کثیر المنزلہ رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی تعمیر کے لئے مختص پلاٹوں‘تعمیراتی قواعد بالخصوص عمارتوں کی بلندی‘مختلف محکموں کی طرف سے این او سی کے اجراء اور ان پلاٹوں کی بذریعہ نیلام عام فروخت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو لاہور کے نئے ماسٹرپلان کی تیاری کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات اور کمرشلائزیشن پالیسی کی تیاری کے لئے لینڈ یوز رولز 2019ء کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔وفد کو بتایا گیا کہ لاہور میں کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کے لئے 70سے زائد نقشے منظوری کے لئے ایل ڈی اے کو جمع کروادیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ65نئی پرائیویٹ رہائشی سکیموں کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔وفد کو فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن کے پلاٹوں کے حوالے سے خصوصی طور پر آگاہ کیاگیا‘کراچی کے بلڈرز نے لاہور اور کراچی کے عمارتی قوانین کا موازنہ بھی کیا۔ آباد کے وفد میں محسن شیخانی،اکبر شیخ،محمد علی روتا دیا، عارف یوسف جیوا،عارف سوریا،کے ایم ایوب،شعیب عنصر،محمد حنیف پٹیل،ایم حنیف گوہر، ارشاد شیخ اور دیگر افراد شامل تھے۔اس موقع پرگورننگ باڈی کے رکن عامر ریاض قریشی، چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی‘چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود‘ڈائریکٹر کمر شلا ئز یشن احمد سعید سلطان بھی موجود تھے۔ 

ایل ڈی اے

مزید : میٹروپولیٹن 1