پنجاب بھر میں سستے کرسمس بازار لگائے جائیں گے، تیاریاں مکمل
فیصل آباد (آن لائن)کرسمس کے موقع پر فیصل آباد پنجاب بھر میں مسیحی برادری کی سہولت کے لئے سستے کرسمس بازار لگائے جائیں گے،تین روزہ کرسمس بازار فنکشنل رہیں گے جن میں رعایتی نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مسیحی برادری کی سہولت کے لئے ضلع میں 7سستے کرسمس بازار لگائے جائیں گے،تین روزہ کرسمس بازار 22سے 24دسمبر تک فنکشنل رہیں گے جن میں رعایتی نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔یہ کرسمس بازار فیصل آباد میں سینٹ انتھونی سکول ماڈل ٹاؤن،پنیٹو گراؤنڈ مریم آباد وارث پورہ،کھرڑیانوالہ چوک جڑانوالہ روڈ،جڑانوالہ میں پرانا تانگہ سٹینڈ نزد فائر بریگیڈ آفس،چک جھمرہ میں واٹر ورکس روڈ،سمندری میں سہولت بازارگوجرہ روڈ اور تاندلیانوالہ میں کرسچن کالونی محلہ شمس آبادمیں لگائے جائیں گے۔
ان بازاروں میں گوشت،پولٹری،آٹا،چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کنٹرول نرخوں پر مسیحی برادری کی دہلیز پرفراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بہتر انداز میں کرسمس کی خوشیاں مناسکیں۔ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر،عمر مقبول،اورنگزیب سندھو،فیصل سلطان،عمر دراز گوندل،دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ ضلعی کوآرڈینیٹر مینارٹی آفیئرز سلیمان یونس اور مسیحی برادری کے دیگر رہنما یونس شہزاد،بشارت اقبال،خالد پیٹر،پطرس مسیح بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقاد کے لئے سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کے علاوہ تشہیر اور خیر سگالی کے جذبات کی تحریروں پر مشتمل بینرز آویزاں کئے جائیں۔