کینولا کے پیداواری مقابلوں کیلئے31دسمبر تک درخواستیں جمع ہوں گی 

کینولا کے پیداواری مقابلوں کیلئے31دسمبر تک درخواستیں جمع ہوں گی 

  



راولپنڈی (ا ے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے تیلدار اجناس کی پیداوار کے قومی منصوبہ کے تحت پیداواری مقابلہ برائے کینولہ کیلئے صوبہ بھر سے 31دسمبر تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ اس ضمن میں 3 یا 3 ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت اراضی کے مالک مرد/ خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ مشترکہ کھاتہ رکھنے والے کاشتکار بھی اہل ہیں نیز مزارعین / ٹھیکیدار بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی سے تصدیق کروانے کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔ پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے کینولہ کے کاشتکار 3 ایکڑ متصل فصل کینولہ جس میں کوئی بھی منظور و تصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کیلئے پیش کریں گے۔ مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈویژنل ڈائریکٹر کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk  سے ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ مکمل درخواستیں اپنی تحصیل کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت)توسیع(کے دفاتر میں مقابلہ میں حصہ لینے والے خواہشمند کاشتکار 31 دسمبر 2019 تک جمع کروا سکتے ہیں۔ پیداواری مقابلے لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن و صوبہ کی سطح پر ہوں گے۔ ایسے ترقی پسند کاشتکار جو ضلعی یا ڈویژنل کمیٹی کے ارکان مقرر ہوں وہ اس مقابلہ کیلئے اہل نہ ہوں گے۔ مزید معلومات کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر 042-99200752 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔

مزید : کامرس