نئی نسل کو قائد اعظمؒ کے اخلاق سے روشنا س کرانا ضروری ہے،قیوم نظامی

نئی نسل کو قائد اعظمؒ کے اخلاق سے روشنا س کرانا ضروری ہے،قیوم نظامی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) قائداعظمؒ کے اعلیٰ اخلاق و کردارکی بدولت ہی مسلمانان برصغیر ان کی قیادت میں متحد ہو گئے۔ نئی نسل کو قائداعظمؒ کے اخلاق سے روشناس کرانا از حد ضروری ہے کیونکہ ان کا کردار بے داغ تھا۔ آپ کے مخالفین بھی آپ کی عظمتِ کردار، صداقت ودیانت اور اصول پرستی کا اعتراف کرتے تھے۔ قائداعظمؒ نے اپنی زندگی میں جو اصول بنا رکھے تھے، وہ ان پر ہمیشہ کار بندرہے۔ہماری پہلی محبت پاکستان ہونی چاہئے۔ ا ن خیالات کا اظہار ممتاز دانشور و کالم نگار قیوم نظامی نے ایوان قائداعظمؒ، لاہور میں قائم تھنک ٹینک”ایوان قائداعظمؒ فورم“کے ساتویں ماہانہ اجلاس بعنوان ”قائداعظمؒاعلیٰ اخلاق و کردار کے پیکر“ سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس کی صدارت تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی جبکہ اس موقع پر سماجی وسیاسی رہنما بیگم مہناز رفیع، بیگم خالدہ جمیل، انجینئر خالد بشیر، احمر تاثیر انور، نواب برکات محمود، سیکرٹری نظریہئ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ 

۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا بانیئ پاکستان نے اپنے اعلیٰ کردار کی بدولت مسلمانان برصغیر کے دلوں میں گھر کر لیا تھا وہ ہمیشہ سچ بولتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنا چاہئے۔۔ بیگم خالدہ جمیل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلامیان ہند کو قائد اعظم جیسی عظیم ہستی سے نواز کر آزادی کی نعمت سے ہمکنار کیا۔ شاہد رشید نے کہا کہ بھارتی حکومت کے انتہاپسندانہ اقدامات کی بدولت دوقومی نظریہ کی حقانیت مزید ابھر کر سامنے آ رہی ہے اور قائداعظمؒ کے مخالفین بھی ان کی عظمت کی گواہی دے رہے ہیں۔