جنرل ہسپتال یورالوجی وارڈ پروفیسر سجاد حسین سے منسوب کرنے کا فیصلہ

جنرل ہسپتال یورالوجی وارڈ پروفیسر سجاد حسین سے منسوب کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال یورالوجی وارڈ کا نام سابق پرنسپل پروفیسر سجاد حسین کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیاتاکہ ان کی ادارے کیلئے خدمات کا اعتراف کیا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف یورالوجسٹ اور سابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر سجاد حسین کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس  پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، صدر پی ایم اے لاہور پروفیسر تنویر انور، پروفیسر محمد نذیر اور سینئر پروفیسر صاحبان و میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد نے اس تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ زمانہ ان لوگوں کو کبھی فراموش نہیں کرتا جو درد دل کے واسطے پیدا کئے گئے ہوں اور لازوال انسانی خدمات سرانجام دینے والے ایسے فرشتہ نما انسان اس دنیا سے رخصت ہوجانے کے باوجود لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور ان کی دعاؤں کا عنوان بنتے ہیں۔اس موقع پرمرحوم کے صاحبزادے، بیٹی ودیگر عزیز واقارب بھی موجود تھے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پروفیسر سجاد حسین سچائی اور شرافت کا پیکر ہونے اور بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ مرنجاں و مرنجن شخصیت کے مالک بھی تھے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن ہمیشہ ان کے پیش نظر رہا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر سجاد حسین انتہائی اعلی شاعرانہ ذوق کے مالک تھے جنھیں اپنی گفتار اور تحریر پر بھر پور ملکہ حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ طبی خدمات کے علاوہ شعر و ادب کی محافل سجانا بھی پروفیسر سجاد حسین کا ہی کریڈٹ ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔