ویمنز سیریز:پاک انگلینڈ آخری ایک روزہ میچ بارش کی نذر، انگلش ٹیم کو 2-0کی برتری

ویمنز سیریز:پاک انگلینڈ آخری ایک روزہ میچ بارش کی نذر، انگلش ٹیم کو 2-0کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوالالمپور (این این آئی)ویمنز سیریز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہوگیا۔کوالالمپور میں بارش کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ سیریز میں ایک پوائنٹ حاصل کرنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئی۔ کنرارا اوول میں کھیلے جانے والے آخری ایک  روزہ میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اوپنرز ناہیدہ خان اور جویریہ خان نے  پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بیٹرز کے  درمیان 96 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے  ایک روزہ کرکٹ میں ریکارڈ شراکت ہے۔ ناہیدہ خان نے 55 اور جویریہ خان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں اوپنرز کیپویلین واپس لوٹتے ہی میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور محض 49 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئیں۔ 37.4اوورز کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے  8وکٹوں کے  نقصان پر 145 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ انگلینڈ کی جانب سے سارہ گلین نے  4 اور شرب سول نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی رہنے کے  باعث امپائرز نے میچ کو بے  نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ ویمنز ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 17 دسمبر سے ہوگا۔