پی آئی سی واقعے میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی:چودھری سرور

پی آئی سی واقعے میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی:چودھری سرور

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وکلاء اور ڈاکٹر ز میں لڑائی دونوں اداروں اور ملک کیلئے نقصان ثابت ہوئی ہے۔ڈاکٹر ز اور وکلاء دونوں معززپیشے سے ہیں ان میں لڑائی بنتی ہی نہیں۔ پی آئی سی واقعے سے دنیا میں بھی پاکستان کا امیج متاثرہوا ہے مگر اس واقعے میں ملوث لوگوں کا تعلق چاہے کسی بھی خاندان یا کسی سیاسی جماعت سے ہوکسی کو معافی نہیں ملے گی سب کواانصاف کے کٹہرے میں آنا پڑیگا۔ وہ گزشتہ روز ایکسپو سنٹر لاہور میں ”2روز ہ پراپرٹی ایکسپو“نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو، ایوان اقبال لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ”خیر کثیر یوتھ کانفر نس“ اور بلوچستان سے آنیوالے60رکنی طلباء کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ایکسپو سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج سر مایہ کاری کیلئے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ پراپرٹی ایکسپو میں دوبئی اور تر کی سمیت دیگر ممالک سے بھی کمپنیاں شریک ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان میں سر مایہ کاروں کو دی جانیوالی سہولتوں پر اعتماد کااظہار کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک ایف اے ٹی ایف کا تعلق ہے تو انشاء اللہ وہاں سے بھی اچھی خبر آئیگی اور پاکستان میں ایف اے ٹی ایف کی لٹکتی تلوار سے بھی نجات حاصل کر لیں گے جسکے بعد یقینی طور پر دنیا بھر سے مزید سر مایہ کار پاکستان آئیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔”خیر کثیر یوتھ کانفر نس“سے خطاب کے دوران چوہدری محمدسرور نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور ہماری امید ہیں کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کا اندازہ وہاں بسنے والی آبادی میں نوجوانوں کے تناسب سے لگایا جاتاہے اور آج پاکستان دنیا میں نوجوانوں کی پانچویں بڑی تعدادکا حامل ملک ہے،پاکستان نوجوانوں میں ذہانت اور قابلیت کی کمی نہیں ہمارے نوجوانوں میں وہ تمام خصوصیات موجودہ ہیں جو نوجوانوں کا خاصہ تصور کی جاتی ہے اور مَیں نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ خدمت کے کاموں میں اپنی عملی شر کت یقینی بناکر آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کے لئے ہر اول دستے کا حصہ بنیں۔ بعدازں گور نر ہاؤس لاہور میں بلو چستان سے آنیوالے طلباء کے وفود سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مَیں بلوچستان سے آنیوالے طلباء کو گور نر ہاؤس میں آمد پر بھر پور خوش آمدید کہتاہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ پنجاب بڑے بھائی کی طر ح اپنے بلوچی بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری حکومت بلوچی نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فا رم فراہم کر رہی ہے جسکے ذریعے اُنہیں اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کے بھر پور موقعے ملیں گے۔

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ آخر