مقبوضہ کشمیر،بارشوں اور برفباری سے سرینگر جموں شاہراہ بند،نظام زندگی شدید متاثر

مقبوضہ کشمیر،بارشوں اور برفباری سے سرینگر جموں شاہراہ بند،نظام زندگی شدید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں جاری بارشوں اور برف باری کے بعد سردی میں ہونے والے اضافے نے پانچ اگست سے سخت فوجی محاصرے کے باعث شدید مشکلات کا شکار کشمیریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے لوگوں کو آنے والے دنوں میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ وہ سردی کے سخت موسم کیلئے اشیائے ضروریہ ذخیرہ نہیں کر سکے ہیں۔ وادی کے لوگوں کا صدیوں سے معمول رہا ہے کہ وہ موسم سرما شروع ہونے سے قبل کھانے پینے کی اشیاء اور جلانے کی لکڑی ذخیرہ کر لیتے تھے کیونکہ وادی کو بیرونی دنیا سے ملانے والی واحد سرینگر جموں شاہراہ سردی کے موسم میں برف باری کے باعث اکثر بند رہتی ہے لیکن اس برس وہ محاصرے کی وجہ ایسا نہیں کرسکے۔وادی کا تیسرے روز بھی شاہراہ بند رہنے کی وجہ سے بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع رہا۔ محاصرے اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے باعث وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں مسلسل 133ویں روز بھی صورتحال ابتررہی۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر سہیل نائیک نے سرینگر میں ایک بیان میں ہسپتالوں کو ہنگامی بنیادوں پر انٹرنیٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا۔جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے چیئرمین قاضی ارشاد نے جموں میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوگی۔ جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیا ن میں معروف مجاہد کمانڈر عبدالخالق گنائی المعروف جمال افغانی کو ان کے 26ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جینوسائیڈ واچ کے صدرڈاکٹر گریگری نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کی ایک بریفنگ میں کہا کہ آسام اور کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم نسل کشی سے پہلے کے آخری مرحلے پر پہنچ گیا ہے اور اس کا اگلا مرحلہ مسلمانوں کومکمل طورپر ختم کرنا ہے جو نسل کشی کہلاتا ہے۔ کانگریس کی بریفنگ کا اہتمام امریکہ کی تین سول سوسائٹی تنظیموں انڈین امریکن مسلم کونسل،Emgage Actionاورہندوز فارہیومن رائٹس نے کیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر

مزید :

صفحہ آخر -