ایک سال کے اندر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائیگا:پرویز خٹک

ایک سال کے اندر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائیگا:پرویز خٹک

  



چارسدہ (آئی این پی)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے ایک سال کے اندر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائیگا، ملک میں ترقی کا عمل شروع ہو گیا ہے، عوام ٹیکس نہیں دیتے، ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی، اگر ہم اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہوئے تو یورپ کے غلام رہیں گے۔ہفتہ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا تحریک انصاف کی حکومت کو خالی خزانہ ملا اور اگر عوام ٹیکس نہیں دیں گے تو عوام کی فلاح کے منصوبے کیسے بنیں گے، ٹیکس ادا کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ترقی کا عمل شروع کر دیا ہے اور تحریک انصاف اگر روایتی سیاست کرتی تو تبدیلی نہیں آ سکتی تھی۔ عمران خان اور تحریک انصاف کے تبدیلی کا عمل شرو ع ہوگیا ہے، ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرنی ہے جبکہ ہمارے دور میں بننے والے ترقیاتی منصوبوں اور دوسرے منصوبوں میں زمین آسمان کا فرق ہے، صرف نعروں اور آوازوں سے بات نہیں بنتی عوام کی خدمت سے بات بنے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت پر مہنگائی کا الزام لگانے والوں نے قومی خزانے میں کیا چھوڑا تھا، ہم قرضوں میں ڈوب گئے، ملک کو ایکسپورٹ اور امپورٹ کیلئے 20ارب ڈالر کی فوری ضرورت ہے، ماضی میں کسی نے مذہب، کسی نے پختو ن اور کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام کو دھوکا دیا، اب پاکستان کی واحد امید صرف وزیراعظم عمران خان ہیں۔

پرویز خٹک

مزید : صفحہ آخر