عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے:پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند اور تنازع کے پرامن حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار وارسا میں پولینڈ کیساتھ سیاسی مشاورت کے ساتویں دورمیں پاکستانی وفد نے کیا۔ پاکستان کی طرف سے وزارت خارجہ کے سپیشل سیکرٹری (یورپ) ڈاکٹر امان راشد اور پولینڈ کی جانب سے مشرقی و ایشیائی پالیسی کیلئے نائب وزیر مارچین پرڈیک نے وفد کی قیادت کی۔وفود نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دوستانہ اور خوشگوارتعلقات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ سپیشل سیکرٹری نے پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں پولینڈ کے پائلٹس بالخصوص ائیر کموڈور ٹورووِچ کی کاوشوں کو سراہا۔ پولینڈ کے نائب وزیر نے جنگ عظیم دوم کے دوران 30 ہزار پولش مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔دونوں اطراف نے سیاست، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافتی شعبہ جات سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ خصوصی سیکرٹری نے پولینڈ کے وفد کو پاکستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور انہیں پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول اورکاروبارکرنے میں آسانیوں سے متعلق صورتحال پر بریف کیا۔ انہوں نے پولینڈ کے کاروبای برادری کودعوت دی کہ پاکستان میں مثبت سرمایہ کاری ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ پولینڈ کے وفد کو بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی عالمی مسلمہ متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کیلئے پانچ اگست کے بھارت کے غیرقانونی اوریک طرفہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔۔ پولینڈکو پاکستان کی ان کوششوں سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا جو افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت میں کی جارہی ہیں۔ پاکستانی وفد کی جانب سے زوردیاگیا کہ افغانوں کی قیادت میں افغانوں کا تجویز اورقبول کردہ سیاسی حل ہی اس مسئلے میں آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔پولینڈ کی جانب سے افغانستان میں امن عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ پولینڈ کی طرف سے اپنے ملک اور خطے میں ہونے والی پیش ہائے رفت اوراپنے ہمسایوں کے ساتھ تعلقات سے متعلق تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ پولینڈ حکام نے پاکستانی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پولینڈ میں اس وقت دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے ماحولیاتی تغیر سے متعلق پولینڈ کے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی کا بھی اظہارکیا۔دونوں اطراف نے زراعت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت کا آئندہ دور اسلام آباد میں ہوگا جس کی تاریخ باہمی مشاورت سے طے کی جائے گی۔ 
پاکستان

مزید :

صفحہ آخر -