آلودگی پھیلانے پرمختلف شہروں میں آپریشن، متعدد صنعتی یونٹس سیل
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنربہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے انڈسٹریل یونٹس کو پابند کیا جائے کہ زہریلی گیسوں و کیمیکلز کے اخراج کے لئے ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ بھٹہ خشت کو نئی ٹیکنالوجی(بقیہ نمبر13صفحہ12پر)
زگ زیگ پر منتقل کیا جائے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو موٹر وہیکل ایگزامینرسے درستگی سرٹیفکیٹ کے حصول تک سڑک پر لانے کی ممانعت کو نافذ کیا جائے۔ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ ماحولیاتی تغیرات سے بچاؤ کے لئے پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ سے وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جائے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے یہ ہدایات انسداد سموگ اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور شوذب سعید، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان علی شہزاد، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر شعیب جدون، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ڈی جی پی ایچ اے آصف حیات لودھی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ابرہیم، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اشتیاق احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد رفیق سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے تمام تر حفاظتی اقدامات برؤئے کار لائے جائیں۔ نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے قیام کے لئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فراہمی اور مقررہ معیار کے مطابق شجرکاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول میں زہریلا دھواں اور کیمیکل چھوڑنے والی انڈسٹری کو پابند کیا جائے کہ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب یقینی بنائیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد رفیق نے کارکردگی رپورٹ بتاتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی پابندیوں کا اطلاق کرتے ہوئے ضلع بہاولپور میں ماحول کو نقصان پہنچانے والی بھٹیوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ، ضلع بہاولنگر میں ایک لاکھ 85ہزارروپے جرمانہ، رحیم یار خاں میں ایک لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ جبکہ ماحولیاتی آلودگی پر ضلع بہاولپور کے ایک صنعتی یونٹ کو سربمہر، ضلع بہاولنگر کے 14سربمہر اور ضلع رحیم یار خان کے 11 صنعتی یونٹس کو سر بمہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح غیر معیاری ایندھن کے استعمال میں ملوث ضلع بہاولپور کے 12 بھٹہ خشت، ضلع بہاولنگر کے 83 بھٹہ خشت اور ضلع رحیم یار خان کے 11بھٹہ خشت کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے دھواں دینے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ضلع بہاولپور میں ایک لاکھ 8ہزار روپے کے جرمانے، ضلع بہاولنگر میں 85 ہزار 6 سو روپے کے جرمانے اور ضلع رحیم یار خان میں 92 ہزار 8 سو روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔
سیل