حکومت آمدن بڑھانے، اخراجات کم رکھنے میں ناکام،ایک ہفتے میں 96ارب روپے کے نئے نوٹ چھاپ ڈالے
کراچی (این این آئی)موجودہ حکومت آمدنی بڑھانے و اخراجات کم رکھنے میں ناکام ہوگئی، جس کے باعث مارکیٹ سے اربوں روپے کے نئے قرضے بھی حکومت کے اخراجات پورے نہیں کر سکے، ایک ہفتے میں 96ارب روپے کے نئے نوٹ چھا پنے پڑگئے۔سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے دسمبر کے پہلے ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 95ارب 98کروڑ 23لاکھ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے، جس کے باعث مارکیٹ میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت اس دوران 95ارب 97کروڑ 90لاکھ روپے کے اضافے سے 56کھرب 57ارب 42 کروڑ 49لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی۔رواں مالی سال اب تک حکومت کی طرف سے مجموعی طور پر 338ارب 37کروڑ 43لاکھ روپے ما لیت کے نوٹ جاری کیے جا چکے ہیں،جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 84فیصد زیادہ ہیں،جبکہ رواں مالی سال اب تک حکومت بجٹ ا خر ا جات پورے کرنے کیلئے کرنسی مارکیٹ سے مجموعی طور پر 600ارب روپے قرض بھی لے چکی ہے۔اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومت آ مد نی کے مطابق خرچ کرنے کی بجائے اخراجات پورے کرنے کیلئے نئے نوٹ چھاپنے شروع کر دیتی ہے جو مہنگائی کی ایک بہت بڑی وجہ ہے۔
حکومت ناکام