حسان نیازی ضڑور قانون کے شکنجے میں آئینگے:فیاض الحسن چوہان
لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں اور حسان نیازی ضرو ر قانون کے شکنجے میں آئیں گے، حسان نیازی خود واضح کر چکے ہیں کہ ان کا تحریک انصاف سے کوئی لینا دینا نہیں، ہسپتالوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورایک سے ڈیڑھ ماہ میں اسے منظور کرا کے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا،جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لئے وفاق، صوبے اور سینیٹ میں مطلوبہ اکثریت نہیں ہے لیکن حکومت کے انقلابی اقدامات سے جنوبی پنجاب میں اب کوئی تخت لاہورکا طعنہ نہیں دیتا، جب نواز شریف کی عدالت میں رپورٹ جمع ہونا ہوتی ہے تو ان کی صحت کی صورتحال یکدم مختلف ہو جاتی ہے اور پھر اس کے بعد کے ایف سی میں برگر اور موج میلہ ہورہاہوتاہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے تحت ہنر مند نوجوان پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جس میں ڈیڑ ھ ارب روپے رکھے گئے ہیں او راس کے ذریعے ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔ 56پروگرام متعارف کرائے جائیں گے، پہلے ٹیوٹا میں 10لاکھ نوجوانوں کی انرولمنٹ ہوتی تھی لیکن اب یہ تعداد 20لاکھ ہوگی۔ بیرون ممالک سفارتخانوں اوراوورسیز کمیشن میں خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے جن کے ذریعے چار سالوں میں 10ملین لوگو ں کو پاکستان او ربیرون ممالک روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس پروگرام کے تحت سی پیک او ردوسرے منصوبوں میں بھی روزگارکے مواقع ملیں گے۔ ابھی یہ پروگرام لانچ ہواہے تو (ن) لیگ نے اس پر تنقید شروع کردی ہے۔ پہلے کہتے تھے کہ سردار عثمان بزدار کام نہیں کرتے اور اب اگر ہم نے ان کے اقدامات سامنے لانا شروع کئے ہیں تو ان سے یہ ہضم نہیں ہو رہااو ران کے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں۔ نواز شریف نے مرکز میں جو پروگرام شروع کیا تھااپنی صاحبزادی کو 100ارب کے پروگرام پر بٹھا دیا تھاحالانکہ وہ اس سے متعلقہ کوئی تجربہ نہیں رکھتی تھیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے کسی بیٹے،بھائی، رشتہ دار یا یوتھ کے کسی شخص کو اس کا انچارج نہیں بنایا پی آئی سی واقعہ میں 54ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 47جوڈیشل جبکہ 7جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ ہم نے 48گھنٹوں میں ایمر جنسی سمیت دیگر شعبوں کی بحالی کو ممکن بنایا اور پی آئی سی میں اس وقت مکمل علاج معالجہ بحال ہے۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو حکومت کی جانب سے 10،10لاکھ روپے کی امداد کے چیک فراہم کئے گئے ہیں جو ماضی میں دئیے گئے چیکوں کی طرح باؤنس نہیں بلکہ کیش ہوں گے۔ 23ڈاکٹرز اور دوسرے افراد کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کی مد میں 50ہزار سے 150لاکھ روپے تک ادائیگی کی گئی ہے۔
فیاض الحسن چوہان