کراچی کے وکلاء کی بھی ہسپتالوں میں گھس کر ڈاکٹروں کو مارنے کی دھمکی

کراچی کے وکلاء کی بھی ہسپتالوں میں گھس کر ڈاکٹروں کو مارنے کی دھمکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں حملہ کرنے والے وکلاء کی غنڈہ گردی کے بعد اب کراچی کے وکلاء نے بھی اپنے کالے کوٹ والے بھائیوں کی حمایت کرتے ہوئے ڈاکٹروں پر حملہ(بقیہ نمبر47صفحہ12پر)

کرنے کی دھمکی دے دی۔تین روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہونے کے ردعمل میں وکلاء کی جانب سے لاہور میں پی آئی سی پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی گئی تھی اور اس ہنگامہ آرائی کے دوران ایک خاتون سمیت 3 مریض انتقال کر گئے تھے۔اس تمام تر صورت حال کے بعد اب کراچی کے وکلاء نے بھی متحد ہو کر ڈاکٹرز پر حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کراچی کے وکلاء بھی اشتعال انگیزی پر اتر آئے ہیں۔ویڈیو میں ایک وکیل کہہ رہا ہے کہ سب سے پہلے ڈاکٹروں نے حملہ کیا تھا، وکلاء نے تو صرف جواب دیا ہے، کہیں کا بھی اسپتال ہو ہم نہیں چھوڑیں گے، یہ ملک ڈاکٹرز نے نہیں وکلاء نے بنایا تھا۔وکیل نے مزید کہا اب اگر اور ڈاکٹروں، پولیس یا کسی ایجنسی نے کوئی آگے قدم بڑھایا تو پورے پاکستان کے جتنے اسپتال ہیں ہم وہاں گھس کر ڈاکٹروں کو ماریں گے، ہم ان وکلاء کو خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے ڈاکٹرز اور پولیس والوں کو مارا ہے، وکلاء نے بہت ہی اچھا کیا ہے، ہم وکلاء برادری کے ساتھ ہیں اور ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ایک اور وکیل نے کہا کہ ہم کراچی کے ڈاکٹرز کو بھی نہیں چھوڑیں گے، ڈاکٹرز اگر اپنی حفاظت چاہتے ہیں تو ہم سے معافی مانگیں۔وکلاء کا کہنا تھا کہ ہم فی الحال کراچی بار الیکشن میں مصروف ہیں لیکن اگر زیادہ ضرورت پڑی تو ہم ڈاکٹروں کو جواب دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، چاہے وہ جناح اسپتال ہو یا کراچی کے کسی بھی اسپتال کے ڈاکٹرز ہوں سب کو جوتے مار کر نکالنا چاہیے۔
کراچی، وکلاء، دھمکی