آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی بھرپور تیاری کیساتھ میدان اترے گی، امیر العظیم 

        آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی بھرپور تیاری کیساتھ میدان اترے گی، ...

  



ملتان (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کا سیاسی کیرئیر، سیاسی شخصیات اور وابستہ افراد ہر قسم کی کرپشن سے پاک کردار کے مالک ہیں۔ ان خیا لات اظہار سیکر ٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے ملتان میں ”اجتماع ارکان“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع ارکان سے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر، ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی،چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ نے بھی(بقیہ نمبر45صفحہ7پر)

 خطاب کیا جبکہ اس موقع پرصوبائی سیکر ٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، میاں آصف محمود اخوانی، ڈاکٹر حفیظ انور،میاں منیر احمد بودلہ بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اندازہ ہوچکا ہے کہ دھوکے اور جذبات سے آنے والی حکومت پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار ادا نہیں کرسکی موجودہ سیاسی حالات میں جماعت اسلامی واحد اور آخری آپشن ہے جس کے ذریعے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے آئندہ آنے والے الیکشن میں جماعت اسلامی اپنے جھنڈے اور نشان ترازو کے ساتھ میدان میں اُترے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی نظام الیکٹیبلز کا کھیل ہے جو جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد سے ختم ہوگا۔ جماعت اسلامی کی بنیاد وقتی نعروں اور جذبات کے تحت نہیں رکھی گئی جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان خوف خدا اور جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہر میدان میں بیگاڑ کے راستے میں رکاوٹ پیدا کی۔ تعلیمی اداروں سے لے کر انڈسٹریز تک فحاشی وعریانی کے سیلاب کوروکا۔ موجودہ حکومت نے عوام کے خوابوں کو چکنا چور کیا مہنگائی، بیروزگاری اور بڑھتی ہوئی بد امنی نے حکمرانوں کے چہرے سے نقاب اُتار دیا۔ مریدکے میں جماعت اسلامی کے تین کارکنان کی شہادت اور انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکن کی شہادت افسوسناک ہے۔ انہوں نے وہاڑی سے جماعت اسلامی یوتھ کے صدروقاص ہنجرا کی گرفتاری کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال حکمرانوں کی نا اہلی کا واضح ثبوت ہے۔22دسمبر کو پورے ملک سے بڑی تعداد میں عوام اسلام آباد کے کشمیر مارچ میں شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی نے پورے ملک میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑاکشمیریوں کی آواز عوام تک پہنچائی لیکن اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہ رینگی۔ کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جس پر عالمی طاقتوں اور ریاست کے مدینہ کے دعویداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

امیر العظیم

مزید : ملتان صفحہ آخر