پسماندہ علاقوں کی ترقی وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیح،اجمل وزیر

پسماندہ علاقوں کی ترقی وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیح،اجمل وزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) صوبائی حکومت کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی اولین ترجیح ہے جس کا مظہر پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک صوبے کے تمام جنوبی اضلاع کو ملانے والے موٹروے کی منظوری ہے جس سے ان علاقوں کی تیز تر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔انہوں نے ان خیالات کاا ظہار آج بعد از سہ پہر ڈیرہ اسماعیل خان سرکٹ ہاؤس میں مقامی صحافیوں کیساتھ ایک ملاقات میں کیا۔پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ 339کلومیٹر طویل اس موٹروے کی تکمیل پر 250ارب روپے کی لاگت آئے گی اور یہ موٹر وے پشاور سے شروع ہوتا ہوا ضلع کوہاٹ، ہنگو، کرک،بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان تک ہو گا جبکہ ضلع ٹانک کو بھی لنک روڈ کے ذریعے موٹروے سے منسلک کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موٹروے میں 15انٹر چینج قائم کیے جائیں گے جن میں سے 2 انٹرچینج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں یارک اور قریشی موڑ کے مقام پر ہوں گے۔مجوزہ موٹروے کی تکمیل سے ڈیرہ اسماعیل خان پورے ملک کا معاشی ہب بن جائیگاکیونکہ ایک طرف سی پیک منصوبے کے تحت موٹر وے اور دوسری جانب پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی تکمیل سے ڈیرہ اسماعیل خان کا رابطہ ملک کے تمام صوبوں سے بہتر ہونے کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان ایک تجارتی راہداری کی صورت اختیا ر کرے گا۔ضم شدہ قبائلی اضلاع میں شروع کیے گئے فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جنکی مثال ماضی میں نہیں ملتی جسکا واضح ثبوت صحت سہولت کارڈ، انصاف روزگار سکیم، جوان پاکستان مہم ہیں ان منصوبوں کے تحت نہ صرف قبائل کے ہر فرد کو سات لاکھ بیس ہزار روپے تک مالیت کے مفت علاج معالجے کی سہولیات جبکہ بے روزگار جوانوں کو بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضم شدہ اضلاع کے 28ہزار لیویز اور خاصہ دار فورس کے ملازمین کو پولیس میں ضم کیا گیا ہے۔صوبائی مشیر نے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں ملازمتوں کے سلسلے میں قبائلی جوانوں کر ترجیح دی جائیگی۔ اجمل وزیر نے بتایا کہ قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں انضمام وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قبائل سے خصوصی محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی قبائلی علاقوں میں اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائیگا جس سے قبائلی عوام حکومتی کردار میں مزید حصہ دار بنیں گے اور اسطرح قبائل کا اپنے اختیار کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے صحافیوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے بھر کے صحافیوں کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مقامی صحافیوں کو یقین دلایا کہ جلد ہی پشاور میں وزیر اعلیٰ سے ان کی ملاقات کا اہتمام کیا جائیگا جس کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کالونی سمیت صحافیوں کے تمام جائز مطالبات کو حل کیا جائیگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحافی اپنے قلم کو علاقے اور مملکت خدادا د کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے مثبت انداز میں استعمال کریں گے اور حکومتی خامیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ حکومتی کارکردگی کو بھی اجاگر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جس نے ہمیشہ نہ صرف صحافیوں کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کیا ہے بلکہ ہمیشہ انہیں دعوت دی ہے کہ وہ حکومتی پارٹی اور سرکاری اداروں کی کمزوریوں کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت تدارک کیا جائے۔