22 دسمبر کو بڑا قافلہ کشمیر مارچ اسلام آباد روانہ ہوگا،جاوید مومند

22 دسمبر کو بڑا قافلہ کشمیر مارچ اسلام آباد روانہ ہوگا،جاوید مومند

  



پشاور (سٹی رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وممبرصوبائی اسمبلی جاوید خان مومند نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کو پشاور سے عظیم الشان قافلہ کشمیر مارچ اسلام آباد میں شریک ہوگا۔ہزاروں افراد کا قافلہ امیر ضلع کے قیادت میں اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا جس کے لیے بڑی سطح پر تیاریاں جاری ہیں۔پا کستان کے عوام مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے ظلم و جبر کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔پاکستانی عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔22دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیر مارچ اسلام آباد کے تاریخ کا بڑا مارچ ہوگا۔ امراء زون جماعت اسلامی کے پیغام کو ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچائیں اور کشمیر مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات ایک کریں۔ وہ پی کے 70 بڈھ بیر میں اجتماع کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔جاویدخان مومند نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناکام و نااہل حکمرانوں نے عوام کا جینا حرام کردیاہے۔ غربت مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔لوگوں کیلئے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔غریب پس کر رہ گیا ہے،عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔سبزی گوشت کے بھاؤ بک رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ بھوکوں مرنے لگیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے پاس آخری آپشن جماعت اسلامی ہے جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کے راہ پر گامزن کرے گا۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر