خصوصی بچوں کے لئے کھیلوں کا انعقاد ضروری ہے، قاسم نوید قمر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں اور افراد کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور سامنے لانے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے کیونکہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے منعقد ہونے سے نہ صرف انہیں خوشی میسر اتی ہے بلکہ انہیں دیگر خصوصی کھلاڑیوں کے ساتھ روابط کے مواقع اور تبادلہ خیال کا بھی موقع ملتا ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز ایک مقامی ہوٹل میں دو روزہ خصوصی اولمپکس پاکستان سندھ ریجنل کانفرنس 2019میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کا مقصد اسپیشل اولمپکس پاکستان 2020 کے انتظامات کو حتمی شکل دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذہنی طور پر چیلنج والے بچوں / بڑوں کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں جسمانی تندرستی، ہمت، خوشی اور شراکت کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں اور وہ مہارتوں کے اشتراک میں خود کو قابل بناتے ہیں۔ اور ان کے اہل خانہ، اولمپکس کے دیگر خاص ایتھلیٹوں اور برادری کے ساتھ بھی دوستی اور خوشی کے تعلقات کو بڑھاتے ہیں جو ان کے باعث مسرت اور تقویت ہوتا ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے سندھ ریجنل اولمپکس کے انتظامات میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کو حکومت سندھ کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی میں غیر سرکاری تنظیموں کے کردار کو سراہا اور خصوصی بچوں اور افراد کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور ایک عام اور خوشگوار زندگی گزارنے کے لئے انہیں آگے لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس مقصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔