صوبہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کا معاملہ، کیا ن لیگ حکومت کا ساتھ دے گی یا نہیں ؟ فیاض الحسن چوہان کے دعوے پر جوابی اعلان کردیا

لاہور،ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے وعدے سے فرار ہونے کی کوشش کررہی ہے،مسلم لیگ (ن) نے سب سے پہلے قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب اور بہاولپورصوبے کا آئینی ترمیمی بل جمع کرایا،مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے عوام کے فیصلے پر چلنے کےلئے تیار ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں واضح اکثریت حاصل نہیں، یہی وجہ ہے کہ سرائیکی صوبے کا قیام ممکن نہیں۔
اپنے ایک بیان میں اویس لغاری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب محاذ کے نام سے پریشر گروپ بنے والوں کو سمجھ آچکی ہو گی، حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپورصوبے کے بل پر کوئی کام نہیں کررہی ،مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے مکمل حق میں ہے، ہم عمران نیازی کی طرح ضدی اور ڈھیٹ نہیں ہیں ہم ملکی معاملات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کےلئے تیار ہیں، حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے عوام سے رائے طلب کرلے وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدنیتی آج پورے جنوبی پنجاب کی عوام کے سامنے عیا ں ہو چکی ہے، مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کےلئے حکومت کا ساتھ دے گی، عمران خان کو جنوبی پنجاب صوبے کے وعدے سے فرار نہیں ہونے دینگے، الیکشن سے قبل جنوبی پنجاب محاذ پریشر گروپ بنانے والے آج اپنے حلقے کی عوام کو بھول گئے ہیںلیکن مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے عوام کا درینہ مطالبہ ہر صورت پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ ماہ بعد بھی پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم نہیں کیا، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈزحکومتی وزراءکی شاہ خرچیوں پر اڑائے جا رہے ہیں،عمران خان نے جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ احساس محرومی پیدا کیا ہے، پنجاب کے وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب سے ہونے کے باوجود یہاں کے عوام کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں۔